بیکانیر،08؍اپریل (ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا) راجستھان کے وزیر اعلی اشوک گہلوت نے کہا ہے کہ مرکز میں یو پی اے حکومت آنے پر نوٹ بندی کی جانچ کروائی جائے گی۔گہلوت نے کہاکہ مرکز میں یو پی اے کی حکومت آنے پر نوٹ بندی کی جانچ کرائیں گے۔اس نوٹ بندی کا ملک کو کتنا فائدہ اور نقصان ہوا اور اس میں کتنی بدعنوانی ہوئی ہے، اس کا راز بھی کھل سامنے آجائے گا۔ گہلوت نے کہا کہ نریندر مودی گجرات کو ترقی کا ماڈل بتا کر ملک کے وزیر اعظم بن گئے ہیں جبکہ آج پورا ملک ان کے خلاف ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان لوگوں کے پاس ذرائع کی کوئی کمی نہیں ہے، یہ لوگ سوشل میڈیا کی ٹیم بنا کر اس کا غلط استعمال کر رہے ہیں۔اب یہ تمام لوگ مارکیٹنگ کرنا اچھی طرح سیکھ گئے ہیں۔گہلوت نے دہشت گردی پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا تھا کہ دہشت گردی کی کمر ٹوٹ جائے گی، ساتھ ہی نکسل واد بھی ختم ہو جائے گا لیکن اس سمت میں کوئی کام نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت ہر طرح سے ناکام رہی ہے، چاہے اسمارٹ سٹی کی بات ہو یا پھر ماڈل گاؤں یا پھر دہشت گردی سے نجات پانے کا معاملہ ں۔